اسلام آباد: ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری کی ایران کے سفیر ڈاکٹر رضاامیری موغادم سے ملاقات، دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات کے استحکام، باہمی تعاون سمیت دیگر اُمور پر گفتگو، سردار شاہد احمد لغاری نے دونوں ممالک کویک جان دو قالب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے تعلقات گہرے اور مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔
اِس موقع پر ایران کے سفیر ڈاکٹر رضاامیری موغادم نے ہلالِ احمر کی انسانیت کی خدمت کیلئے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ ہونے والی فنڈریزنگ کی تقریب اپنی مثال آپ تھی۔ مجھے اِس تقریب میں شرکت سے معلوم ہوا کہ ہلالِ احمر پاکستان نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ِ دنیا میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے گزشتہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بعد ریسکیو، ریلیف، بحالی و تعمیر ِ نو میں ہلالِ احمر کے کردار کی تعریف کی۔ سندھ اور بلوچستان کے علاوہ دیگر سیلاب متاثرہ علاقوں میں قابل ِ تعریف کردار ادا کیا ہے۔ یہاں کے مکینوں کو بھی متعدد چیلنجز درپیش ہیں۔ ہلالِ احمر لوگوں کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کیلئے کوشاں رہتا ہے۔ قدرتی آفات و سانحات کے دوران ہلالِ احمر کی خدمات مسلمہ حقیقت ہے۔

ملاقات کے اختتام پر سردار شاہد احمد لغاری نے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

Comments
Post a Comment